اسلام آباد : عید میلاد النبی سے ایک روز قبل جنوبی وزیرستان میں بم دھماکے اور خیر پور میں فائرنگ سے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے ۔ جنو بی وزیرستان میں سرویکئی روڈ پر اسپن کئی علاقے میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کئے گئے دھماکے میں امن کمیٹی کے سربراہ ولی جان سمیت پانچ فراد جاں بحق ہو گئے ۔ دھماکے میں ولی جان کا بھائی اور گن مین بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان وفاقی حکومت کے زیر انتظام فاٹا کی سات ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔پاک فوج ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ ادھر سندھ کے ضلع خیر پور میں مذہبی گروپ نے عید میلاد کی ریلی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور نو زخمی ہو گئے ۔