اہم خبریں
نقیب اللہ محسود قتل کیس : راؤ انوا ر کے خلاف مقدمہ درج

کراچی : 27 سالہ نقیب اللہ محسود کو راؤ انوار کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں قتل کے خلاف مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں نقیب کے والد نے موقف اپنایا کہ سینیئر سپرانٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر کے 8 ،9سادہ لباس اہلکار بیٹے کو لے کر گئے تھے۔سچل تھانے میں درج ہونے والے مقدمے میں راؤ انوار اور ان کی ٹیم کو نامزد کیا گیا ہے۔قبل ازیں نوجوان نقیب اللہ کے ’انکاؤنٹر‘ کے خلاف کراچی میں سہراب گوٹھ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم نے 14 گھنٹوں میں ثابت کیا کہ مقابلہ جعلی تھا اور نقیب اللہ بے گناہ تھا۔خیال رہے کہ 14 جنوری کو شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے جعلی پولیس مقابلہ کیا تھا، جس میں نقیب اللہ کے علاوہ مزید 3 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ کسی کو بھی ماورائے عدالت قتل کی اجازت نہیں ہے، نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔