اسلام آباد : نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ آج سینیٹ میں ثابت ہوا کہ بالادست طاقتیں پارلیمنٹ سے زیادہ بالادست ہیں۔سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ’آج پارلیمنٹ مکمل طور پر ہار چکی ہے، آج عملی طور پر ثابت ہوا کہ بالادست طاقتیں پارلیمنٹ سے زیادہ بالادست ہیں، آج شہید بےنظیر بھٹو نہیں جیتیں، ذوالفقار علی بھٹو نہیں جیتے بلکہ بالادست طبقہ جیتا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’آج اس بالادست طبقے نے اس ہاؤس کو پاکستان میں منڈی بنا کر ثابت کردیا کہ وہ پارلیمنٹ کو منڈی بھی بنا سکتا ہے جسے ہم پارلیمنٹ کہتے ہیں۔‘میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ’آج مجھے یہاں بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے، آج پارلیمنٹ جیت جاتی، بےنظیر بھی جیت جاتیں اور بھٹو بھی جیت جاتا
اگر رضا ربانی کو چیئرمین بنایا جاتا، لیکن آپ لوگوں نے رضا ربانی کو کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا نمائندے ہیں۔‘اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے میر حاصل بزنجو کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’آج صرف مبارک باد دیں تقریر کے لیے بہت وقت ہے۔‘تاہم میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ’آج میں نے تقریر نہیں کی تو زندگی بھر تقریر نہیں کروں گا۔‘انہوں نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’آج کس کو اور کس بات کی مبارک باد دوں، آج اس ہاؤس کا منہ کالا ہوگیا ہے اس کی کس کو مبارک باد دوں، اس عمارت کو گرانے کے بعد بلوچستان کا نام لیا جا رہا ہے کہ یہ ہم بلوچستان کے لیے کر رہے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’آپ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کو منڈی بنا دیا پھر کہہ رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے لیے کر رہے ہیں۔‘میر حاسل بزنجو نے کہا کہ ’آج میں ہاتھ جوڑ کر اداروں اور سیاسی جماعتوں کو کہتا ہوں کہ ملک کو جمہوریت کی ڈگر پر چلنے دیں، اگر یہی حالت رہی تو پارلیمنٹ اور ملک کا بہت نقصان ہوگا۔‘