ماسکو : جنوبی کوریا نے میچ کے آخری لمحات میں 2 گول کر کے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ۔اس میچ کے نتیجے نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔گروپ ایف میں سویڈن اور میکسیکو نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ گول کے فرق کی وجہ سے جرمنی گروپ میں آخر نمبر پر آیا ہے۔جنوبی کوریا اگلے مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکا تھا اور جرمنی کے خلاف اس ڈرامائی فتح کا اسے کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا۔ البتہ ’ہم تو ڈوبے ہیں صنم تمھیں بھی لے ڈوبیں گے‘ کی مصداق وہ جرمنی کو لے ڈوبا۔92 منٹ میں کِم یانگ گوان نے گول کیا تو ریفری نے پہلے تو اسے آف سائیڈ قرار دیا لیکن بعد میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے اسے گول قرار دے دیا گیا۔پھر جب سٹاپیج ٹائم کے چھ منٹ گزر چکے تھے تو جرمن گول کیپر مینوئل نوئر جنوبی کوریا کے ہاف تک پہنچ گئے تاکہ میچ برابر کرنے میں اپنی ٹیم کی مدد کر سکیں لیکن جنوبی کوریا نے بال حاصل کر لیا اور اپنے فارورڈ سان ہیونگ مِن کو بال پاس کر دیا جو تیزی سے جرمن گول کی طرف بھاگے اور دوسرا گول کر دیا۔اس گول نے جرمنی کے ورلڈ کپ کے پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے اخراج پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔جرمنی نے 2014 میں برازیل میں ہونے والا ورلڈ کپ جیتا تھا اور آج شکست کے بعد اس کا مسلسل دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن رہنے کا خواب بکھر گیا ہے۔
اٹلی (1934-38) اور برازیل (1958-62) وہ ممالک ہیں جو مسلسل دو بار ورلڈ چیمپیئن رہے ہیں۔
فیس بک کمینٹ