اسلام آباد : پاکستان کی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے تاہم ٹیم انڈیا کے خلاف اپنا میچ نہیں کھیلے گی۔
اتوار کو ایک بیان میں حکومت کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو انڈیا کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔‘
پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کئی دونوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت نہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے ایک ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ’وزیرِ اعظم نے تمام آپشنز کو مدِ نظر رکھ کر معاملہ سلجھانے کی ہدایت دی ہے۔‘
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈیا میں کھیلنے سے انکار پر بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے فیصلے کو ’نا انصافی‘ قرار دیتے ہوئے اسے دہرا معیار قرار دیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش پر بھی وہی اُصول لاگو ہونا چاہیے، جو کسی اور پر ہوتا ہے۔ اگر ایک ملک سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی ملک میں کھِیلنے سے انکار کرتا ہے تو پھر بنگلہ دیش کو بھی یہ حق ہونا چاہیے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’اس صورتحال میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیم سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ اب حکومت کرے گی اور اگر بنگلہ دیش کے ساتھ انصاف نہ ہوا تو پھر آئی سی سی چاہے تو 22 ویں ٹیم شامل کر لے۔‘
فیس بک کمینٹ

