راول پنڈی : پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی لے۔
سری لنکا نے آج کے میچ میں پاکستان کو جیتنے کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے باآسانی چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور فخر زمان نے نصف نصف سنچریاں بنائیں۔ فخر زمان 55 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
آج کے میچ میں بابر اعظم نے 34 رنز اور سلمان علی آغا نے صرف چھ رنز بنائے جبکہ حسیب اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
سری لنکا کے جیفری وینڈرسے نے پاکستانی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مہیش ٹھیکشانہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
سری لنکا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے سدھیرا سمراوکراما 48 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ کوشال مینڈس نے 34، پون رتانائیکا نے 32، کامل مشرا 29 اور پاتھوم نیسانکا 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی ٹیم کو آغاز اچھا ملا اور اس کی پہلی وکٹ 55 کے مجموعی سکور پر گری لیکن اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ سپنر فیصل اکرم نے 10 اوورز میں 42 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں جبکہ پون رتنائیکے نے سری لنکا کی جانب سے ون ڈے میں ڈیبیو کیا۔
کپتان چریتھ اسالنکا بیماری کی وجہ سے پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے جس کی وجہ سے سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشل مینڈس نے کی۔
( بشکریہ : بی بی سی )
فیس بک کمینٹ

