ملتان : پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا 8 واں ایڈیشن آج بروز پیر 13 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ آج قلندرز اور سلطانز کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پر عزم ہے، ملتان سطانز نے بھی جیت پر نظریں جما لی ہیں۔
کرکٹ شائقین کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے کو تیار ہے، 6 ٹیمیں چمچماتی ٹرافی کے لیے آج سے جان لڑائیں گی ،لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کریں گے، میچ رات ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہو گی، موسیقی کا تڑکا لگے گا، آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
افتتاحی میچ سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، پریکٹس سیشن میں دونوں ٹیموں کے کوچز کی جانب سے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مختلف تیکنیک اور فٹنس لیول پر توجہ دی گئی۔
محمد رضوان اور حارث رؤف نے بھی اسکواڈز کو جوائن کر لیا، قلندرز پہلے ہی میچ میں دھمال ڈالنے کے لیے تیار ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی نیٹس میں تیز رفتار باؤلنگ نے مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، 7 مرتبہ جیت سلطانز کا مقدر بنی، 6 میچز میں قلندرز نے میدان مارا۔
پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کا لاہور فاتحانہ آغاز کرے گا یا ملتان قلندرز سے پچھلے فائنل کا بدلہ لے گا، تمام لوگوں کی نظریں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پر مرکوز ہو گئیں۔
دوسری جانب ملتان اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا، اسٹینڈز کی صفائی ستھرائی کر لی گئی ہے، پچز بھی تیار ہیں، روایتی طور پر پچ اسپن کیلئے سازگار رہنے کا امکان ہے۔
کرکٹ ایونٹ کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا پلان بھی تیار ہو چکا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریباً 8 ہزار اہلکار مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دیں گے۔

