جنوبی پنجاب کی نام نہاد خود مختاری ختم ہوچکی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی موجودہ صورت حال کواگر ہم یوں کہیں کہ ًکھیل ختم ،پیسہ ہضم ً تو کچھ غلط نہ ہوگا،جنوبی پنجاب کی آواز کی علمبردار سیاسی تنظمیں،جماعتیں،دانشور اورسول سوسائٹی کچھ نہیں کرسکی،سول سیکرٹریٹ لاہور کا ً تخت نشیں ًجیت گیا،جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا سیاسی گھرانہ گیلانی خاندان جس کے ملتان میں موجود دایک د ولت کدے میں چیئرمین سینٹ سمیت تین اراکین قومی اسمبلی اور ایک ممبر صوبائی اسمبلی مقیم ہیں سوائے تقریروں کے کچھ نہیں کرسکے ،جب جنوبی پنجاب کے اصل ایشو یا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی خودمختاری روندے جانے کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس خاندان کے کردار کا بھی ضرور ذکر ہوگا،تاریخ کو وقتی طور پردھندلایا تو جاسکتا ہے مگر اس کو مسخ نہیں کیا جاسکتا، ایک محکمہ کے سیکرٹری کے بقول ً اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ختم ہوچکا ہے ً ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات ایڈیشنل چارج والے سیکرٹریز بھی شائدکچھ عرصہ کے مہمان ہیں اب اس سیکرٹریٹ کو یہاں تعینات اسپیشل سیکرٹریز کے ذریعے تخت لاہور سے چلایا جائے گا،اس کی ایک تازہ مثال چند روز قبل اس وقت سامنے آئی،جب چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات گریڈ17کے ایک سیکشن افسر محمد سلمان اسلم کو وہاں ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن (اکیڈمک) کا اضافی چارج سونپ دیا، اسی نوٹیفیکیشن کے تحت گریڈ18کے ایک ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد عظیم کو بھی ایڈیشنل سیکرٹری کا اضافی چارج دیا گیا،پنجاب حکومت کے بزنس آف رولز کے مطابق یہ تقرریاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجا ب کی صوابدید ہے ،اگر گریڈ17کے سیکشن افسر کی عارضی تقرری بھی اے سی ایس جنوبی پنجاب نہیں کرسکتا تو اس بات کو تسلیم کرنے میں کیا ابہام ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ختم کردیاگیاہے،اب تو اس بات کا انتظار رہے گا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کے عہدے کو اسپیشل ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کا نام کب دیا جائے گا،یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی خود مختاری ختم کرنے کے لیے وہاں تعینات مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے عہدوں کو ڈاؤن گریڈ کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹریز میں تبدیل کرچکی ہے،جب کہ خالی ہونے والے سیکرٹریز کے بعض عہدوں پر پنجاب میں تعینات سیکرٹریز کو سیکرٹریز جنوبی پنجاب کا اضافی چارج سونپنے کی پرانی پالیسی جاری رکھی،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان اختر کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پی ایم ایس گریڈ20کے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب آفتاب احمد پیرزادہ کوسیکرٹری کے عہدے سے ہٹا کر سپیشل سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس(سی اینڈ ڈبلیو) جنوبی پنجاب تعینات کردیا ہے، اسی طرح پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ19کے سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق رزاقی کوعہدے سے ہٹا کر سپیشل سیکرٹری محکمہ انہار جنوبی پنجاب ،تقرری کے منتظرایکس پی سی ایس گریڈ19کے اظفر ضیاء کو گریڈ20میں ترقی دے کر سپیشل سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب،پی ایم ایس گریڈ20کے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کوسیکرٹری کے عہدے سے ہٹا کر سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ،پی ایم ایس گریڈ20کے سیکرٹری جنگلات،وائلڈ لائف اینڈ فشریز جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی کو تبدیل کرکے نئی تقرری کے لیے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ20کے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب ڈاکٹرآصف طفیل کو سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب کا اضافی چارج،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ20کے سیکرٹری جنگلات وائلڈ لائف اینڈ فشریزپنجاب محمد وحید ملک کو سیکرٹر ی جنگلات وائلڈ لائف اینڈ فشریزجنوبی پنجاب کا اضافی چارج ،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ20کےسیکرٹری محکمہ انہارپنجاب ڈاکٹر واصف خورشید کو سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کا اضافی چارج اور اسی طرح ،پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ20کے سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر کوجن کے پاس سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کا اضافی چارج بھی ہے ان کو سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا بھی چارج دے دیا گیاہے، اس فیصلے کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی اہمیت کو ختم کرنے اور اس کی خودمختاری کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے مترادف سمجھا جاسکتا ہے،لاہور سول سیکرٹریٹ میں تعینات ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو سیکرٹریز جنوبی پنجاب کا اضافی چارج دینے کا تکلف بھی شائد اس لیے کیا گیاہے کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی خود مختاری کو ختم کیے جانے کے خلاف ہائی کورٹ میں دائر ایک رٹ کے جواب میں کہا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کے عہدوں کو ختم نہیں کررہی ہے،جب یہ معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا تو سیکرٹریز کے عہدے کو یہاں برقرار رکھنے کا تکلف بھی شائد ختم کردیا جائے گا،یعنی ًکھیل ختم ،پیسہ ختم ً…باقی رہے تخت لاہور والے توان کو وسیب کے بے بس لوگ معروف شاعر مرحوم حبیب جالب کا بس یہ شعر یاد دلا سکتے ہیں کہ ً تم سے پہلے وہ جواک شخص یہاں تخت نشیں تھا…اس کو بھی اپنے خدا ہونے کا اتنا ہی یقیں تھا ۔
فیس بک کمینٹ