اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان پر ان کی کتاب میں یہ لکھنے پر مقدمہ کرنے کا اعلان کیا ہے کہ مراد سعید اور وزیراعظم کے درمیان نامناسب تعلقات تھے۔
مراد سعید نے کہا کہ وہ 2018 میں شائع ہونے والی ریحام خان کی کتاب میں انہیں اور وزیراعظم کو بے عزت کرنے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
”میں نے اس کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میری لیگل ٹیم غور کر رہی ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے“ ، مراد سعید نے رپورٹروں کو بتایا۔
یہ سوال پوچھے جانے پر کہ انہوں نے اس کتاب کی مصنفہ کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی، جسے انہیں بدنام کرنے کے لیے ریفرنس کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جلد ہی لیگل ایکشن لیا جائے گا۔
ان سے محسن بیگ کے ساتھ ایف آئی اے کے سخت سلوک کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ قانونی کارروائی کرنے کا انتخاب کر چکے ہیں لیکن وہ ایف آئی اے کے اختیار کردہ طریقے کے ذمہ دار نہیں۔
مراد سعید نے یہ وضاحت بھی کی کہ ان کی شکایت میں صرف ٹیلی ویژن کے اس پروگرام کا ذکر ہے جس کے دوران بعض تبصرے کیے گئے تھے۔چند سینئیر پولیس افسران نے مبینہ طور پر میڈیا والوں کو بتایا کہ ان پر محسن بیگ کے خلاف کارروائی کے لیے وزیراعظم ہاؤس سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
( بشکریہ : روزنامہ ڈان )