اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ شام سے اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم اور ان کی رہائش گاہ پر مہیا سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔شیریں مزاری نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خلافِ قانون ہے، مگر امپورٹڈ سرکار کی ناک تلے قانون کی پرواہ ہے کسے۔
انہوں نے موجودہ حکومتی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب سزا یافتہ جھوٹی مریم نواز کے تحفظ میں لگے ہوئے ہیں، قوم آگاہ رہے کہ سازشی عناصر کیسے عمران خان کی زندگی کے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔تاہم اسلام آبد پولیس نے شیریں مزاری کے اس دعوے کو مسترد کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں اسلام آباد پولیس نے کہا کہ دارالحکومت پولیس نے عمران خان سے پولیس سیکیورٹی تاحال واپس نہیں لی۔اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں سیکیورٹی واپس لینے کے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چند افراد کی طرف سے ایک جھوٹی مہم جاری ہے، اس لیے عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

