پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور کے علاقے تھانہ سربند کی حدود بٹہ خیل بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو تاجر ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 42 برس کے کلجیت سنگھ اور 38 سال کے رنجیت سنگھ ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان دونوں افراد کا تعلق ڈبگری گارڈن کے علاقے سے ہے اور مقتولین کی بٹہ تل بازار میں مصالحے کی دکانیں ہیں۔
خیبر پختونخوا میں ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس نگرانی میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے اور ہیومن انٹیلیجنس سے بھی استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور عنقریب اس واقعے میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کر لیا جائے گا۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ