لاہور : فخر پاکستان ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچے تو ان کافقید المثال استقبال کیا گیا ۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کو ارشد ندیم کی تصاویر اور قومی پرچموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا ۔ ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے مداحوں کا جمِ غفیر اُمڈ آیا۔اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم کا طیارہ لینڈ کیا تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔
ارشد ندیم پیرس سے ترکیہ کے راستے لاہور پہنچے ، قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ بے قرار تھے ۔
وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کا استقبال کیا ۔اس کے علاوہ ارشد ندیم کے اہل خانہ ،عزیز و اقارب اور دوست بھی ان کے استقبال کے لیے موجود تھے ۔ طیارہ ڈیڑھ بجے شب لینڈ کی تو اسے پانی کی توپوں سے سلامی دی گئی ، دوسری جانب پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین بھی استقبال کے لیے پہنچ گئے۔
پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ پولیس نے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا ، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لائونج شہریوں سے خالی کروا کر سکیورٹی لگا دی گئی۔پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نے ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کی ، ارشد ندیم کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس کا پائلٹ تھا ، ارشد ندیم کی گاڑی کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں بھی موجود تھیں ۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
فیس بک کمینٹ

