اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کمپرومائزڈ اور بکے ہوئے ہیں اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے چپکے رہیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل پر سینیٹ میں ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کی سوچ اس ایوان کے سامنے رکھنا چاہوں گا، اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانا معاشی ذمہ داری کے عین مطابق ہے، ادارے کو کسی کی غلامی میں دے دیا گیا ہے یہ تاثر غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے بورڈ کے ارکان کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم پاکستان کے پاس ہے، یہ ادارہ کل بھی اس ایوان کے تابع تھا اور آئندہ بھی تابع رہے گا۔
انہوں نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو سخت تنقید کا نشان بناتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے کل ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جس کا افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے لیے کہا گیا کہ انہوں نے حکومت کو سہولت فراہم کی، چیئرمین سینیٹ نے رول کی عین مطابق اپنا استحقاق استعمال کیا، ان پر غیر جانبداری اور سہولت کاری کا الزام لگانا بہت غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی غیر حاضری کی وضاحتیں کیں، بہت سے حلقے ان وضاحتوں سے مطمئن نہیں ہیں، کہا جارہا ہے کہ انہیں ایوان کی کارروائی سے متعلق ایجنڈے کا تاخیر سے علم ہوا، کیا اپوزیشن رہنما کو علم نہیں تھا کہ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے، انہیں علم نہیں تھا کہ جب بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے تو سینیٹ میں بل آنا ہے، اپوزیشن لیڈر اتنے بے خبر اور معصوم کیوں تھے؟
وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ نے اور آپ کے دفتر نے سینیٹر دلاور خان سے رابطہ کیا، رابطے کے دوران آپ سینیٹر دلاور خان کو حاضری یقینی بنانے کا کہتے ہیں اور خود غائب ہو جاتے ہیں، سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر کے آفس گیا تو وہاں اندھیرا چھایا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یوسف رضا گیلانی کس طرح سینیٹر بنے، ہمیں معلوم ہے کہ اس سلسلے میں ان کی اور ان کے صاحبزادے کی وڈیوز میڈیا پر چلتی رہی ہیں، کون نہیں جانتا کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہاتھ کیا؟ اعظم نذیر تارڑ کو کہا گیا اپوزیشن لیڈر آپ ہوں گے اور راتوں رات فیصلہ تبدیل ہوجاتا ہے، پیپلز پارٹی وضاحت کرے کہ یہ سب کیسے ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے ساتھ تب بھی ہاتھ ہوا جمعہ کے دن بھی ہاتھ ہوا، پیشگوئی کر رہا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مستقبل میں بھی ہاتھ ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر تنقید کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہوں گا یہ انہوں نے جھوٹ بولا تھا، انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ میں استعفیٰ دے رہا ہوں، مگر میں کہتا ہوں کہ یہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے چپکے رہیں گے، یہ اپوزیشن لیڈر کمپرومائزڈ اور بکا ہوا ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیرخارجہ نے ملک کا تشخص خراب کیا ہے، وہ بغیر کسی وجہ کے اتنا گرگئے، توقع نہیں کرتا کہ وزیر خارجہ اس قدر گریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ سینیٹ کی توہین ہے، وزیرخارجہ نےکہاتھا کہ وہ ایوان میں پالیسی بیان دینا چاہتے، یہ تھا وزیرخارجہ کا پالیسی بیان، اللہ انہیں صبردے۔
فیس بک کمینٹ

