ملتان : (اے پی پی):قومی اسمبلی کے حلقے این اے 157کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم عروج پرپہنچ گئی ۔یہ انتخابات پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی زین حسین قریشی کی خالی نشست پر11ستمبر کو منعقدہورہے ہیں۔اس حلقے میں پاکستان پیپلزپارٹی اورپاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دارمقابلہ متوقع ہے ۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مخدوم شاہ محمودقریشی کی صاحبزادی مہربانوقریشی کوامیدوارنامزدکیاگیاہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی اورپی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارسابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی ہیں ۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ حلقہ زیادہ تردیہی آبادی پرمشتمل ہے ۔بہاولپوربائی پاس ،وہاڑی روڈ،سجان پور،کوٹلہ مہاراں،قادرپورراں سمیت بہت سے علاقوں میں پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کے امیدوار روزانہ کی بنیاد پرجلسوں سے خطاب کررہے ہیں ۔بعض علاقوں میں علی موسیٰ گیلانی اوربعض میں مہربانوقریشی کاپلڑابھاری ہے ۔جبکہ کئی یونین کونسلوں میں زوردارمقابلہ متوقع ہے ۔
معروف سیاسی تجزیہ کارانٹرنیشنل پریس ایجنسی کے بیوروچیف مظہرمہے نے اے پی پی کو بتایاکہ قادرپورراں میں علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کے بعض مضبوط دھڑوں کو اپنے ساتھ ملالیاہے۔جلال آبادمیں دونوں امیدواروں کےدرمیان مقابلے کی فضاہے،کوٹھےوالایکطرفہ علی موسیٰ کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ حلقے کےدیہی علاقوں میں پیپلزپارٹی اورشہری علاقوں میں تحریک انصاف کاپلڑابھاری ہےتاہم نتائج جوبھی ہوں ہمیں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔سینئر صحافی اورملتان پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری مظہرجاویدنے کہاکہ اگرچہ کانٹے دارمقابلے ہے لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات تحریک انصاف کے امیدوارکے حق میں جائیں گے ۔
فیس بک کمینٹ

