ملتان ( اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) پروفیسر انورجمال اوررضی الدین رضی نے اپنی کتابوں کے ذریعے ملتان کی ادبی تاریخ کو محفوظ کردیاہے۔ان خیالات کااظہاربزم احباب کے زیراہتمام ملتان ٹی ہاؤس میں پروفیسرانورجمال کی کتاب” ملتان رنگ“ اوررضی الدین رضی کی کتاب ” کالم ہوتل بابا کے“کی مشترکہ تعارفی تقریب کے دوران کیاگیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمعروف دانش ور،شاعر،نقاد اور مصور پروفیسر انور جمال نے کہاکہ قدرت ہر انسان کو کسی نہ کسی صلاحیت سے نواز کر دنیا میں بھیجتی ہے۔ اس صلاحیت کو انسانیت کی فلاح اور خیر کے لئے بروئے کار لانا ہی اصل زندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے قدرت نے جو تخلیق کی صلاحیت بخشی،اسے شاعری، نثر نگاری اور مصوری کی صورت میں معاشرے کو لوٹارہا ہوں۔
رضی الدین رضی نے کہاکہ ان کالموں کے ذریعے میں نے اپنے عہد کاملتان محفوظ کرنے کی کوشش کی ہے۔سینئر صحافی جبارمفتی نے کہا کہ رضی الدین رضی کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلوان کی خودداری ہے۔ دانش ور، محقق پروفیسر ڈاکٹر مختار ظفر نے کہا کہ انور جمال اسم بامسمیٰ ہیں، ان کی تخلیقات میں جمال ہی جمال نظر آتا ہے۔ ڈاکٹر فرزانہ کوکب نے کہا کہ انور جمال اور رضی الدین رضی نے ملتان کی ادبی تاریخ محفوظ کرکے اہم کام کیاہے۔
سینئر صحافی شوکت اشفاق نے کہا کہ انور جمال میرے سکول کے زمانہ سے استاد ہیں۔ شاعر ادیب کالم نگار شاکر حسین شاکر نے کہا کہ یہ دونوں کتابیں آنے والے دنوں میں دستاویزثابت ہوں گی۔رانا تصویراحمد، سجاد جہانیہ اور قیصر عباس صابر نے دونوں کتابوں پر سیر حاصل گفت گو کی۔ تقریب کی نظامت ملک فیاض احمد اعوان نے کی۔
فیس بک کمینٹ