لندن : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نوجوان بلے باز بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں۔بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں پاکستان کے بلے باز بابر اعظم نے انڈیا کے وراٹ کوہلی کو پچھاڑتے ہوئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ پانچ سال تک نمبر ون رہنے والے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ سیریز کے آغاز سے قبل ان کے اور ویراٹ کوہلی کے درمیان 20 پوائنٹس کا فرق تھا۔بابراعظم کا ٹی ٹؤنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹا نمبر ہے۔
بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین رہ چکے ہیں۔ محمد یوسف نے سنہ 2003 میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بیٹنگ فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر انڈیا کے ویراٹ کوہلی، تیسرے نمبر پر بھی انڈین بلے باز روہت شرما، چوتھے نمبر پر کیوی بیٹسمین روز ٹیلز، جبکہ پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ براجمان ہیں۔ بابر اعظم نے بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ میں اپنے کرئیر کا آغاز 31 مئی سنہ 2015 میں لاہور میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ سے کیا تھا۔ بابر اعظم نے اپنے پہلے ہی میچ میں 60 گیندوں پر 54 رنز بنائے تھے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ