اقوام متحدہ : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن تو مر چکا ہے مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیراعظم ہے۔ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں بلاول بھٹو نے بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں جے شنکر کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیراعظم ہے‘۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ’نریندر مودی کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد تھی، یہ آر ایس ایس کے وزیرخارجہ اور وزیراعظم ہیں جو ہٹلر کے نظریے سے متاثر ہیں‘۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ سے قبل بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اقوام متحدہ کے میڈیا کارنر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 14 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اپنی بریفنگ کے دوران پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو دہرایا جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کی میزبانی کی۔
جے شنکر نے وزیر مملکت حنا ربانی کھر کے اسلام آباد میں دیے گئے ریمارکس پر بھی تنقید کی جہاں انہوں نے بھارت کو دہشت گردی کا سب سے بڑا مرتکب قرار دیا تھا۔جس پر بھارتی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ حنا ربانی کھر کے ریمارکس اس وقت کے امریکی سیکریٹری ہلری کلنٹن کے دورہ پاکستان کی یاد دلاتے ہیں جب ہلری کلنٹن نے پاکستان کو یاد دلایا تھا کہ ’اگر آپ کے گھر سانپ ہوں گے تو آپ کو یہ توقع نہیں کرنی چاہیے کہ وہ صرف آپ کے پڑوسیوں کو ہی ڈسیں گے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اچھے مشورے بہتر انداز میں نہیں سن سکتا اور اب آپ دیکھ لیں کہ وہاں کیا ہورہا ہے، آج یہ ملک دہشت گردی کا مرکز ہے اور پاکستان کے خطے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک دہشت گرد سرگرمیوں کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے پاکستان کو دوسروں پر الزامات نہ لگانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آخر کب تک دہشت گردی کی سرگرمیوں مصروف رہ کر اپنے آپ کو اس بحث میں چھپانے کی کوشش کرتا رہے گا؟ مہربانی کرکے پہلے اپنا عمل ٹھیک کریں اور اچھا پڑوسی ملک بننے کی کوشش کریں۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پاکستانی اور بھارتی وزرائے خارجہ میں لفظی جنگ کیوں ہو رہی ہے؟
جس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ’یہ لفظی جنگ نہیں ہے، میں نے یہ محسوس نہیں کیا‘ انہوں نے مزید کہا کہ میں خود اس دہشت گردی کا شکار ہوچکا ہوں، میری والدہ (سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو) سمیت ہزاروں پاکستانیوں کو دہشت گردوں نے قتل کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم نے دہشت گردی میں بھارت سے بہت زیادہ جانیں گنوائی ہیں، بھارت ایسا رویہ اختیار کررہا ہے جہاں مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دینا بہت آسان ہے۔’
بلاول بھٹو نے نشاندہی کی کہ بھارت نے اپنا یہی فلسفہ ناصرف پاکستان بلکہ بھارت کے مسلمانوں کے لیے بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

