ملتان پولیس کی جانب کرسمس کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔ کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں 41 گرجا گھروں میں عبادات منعقد ہوں گی، جن میں سے 3 چرچ حساس نوعیت کے ہیں۔ اس موقع پر 1300 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ا یلیٹ فورس، محافظ اسکواڈ اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی، جبکہ خفیہ نگرانی کے لیے سفید کپڑوں میں بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ گرجا گھروں اور تقریبات کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے اور شہریوں کے کوائف کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔ گرجا گھروں کے اندر اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ تمام شرکاء کو تلاشی کے بعد چرچ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی تقریبات بلا خوف و خطر منا سکیں۔
فیس بک کمینٹ