( اگر ملک میں قانون بن جائے کہ سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ ہی کہا جائے تو خبریں کچھ اس طرح ہوں گی! )
ویوئرز پاکستان کے سب سے بڑے نیوز نیٹ ورک 69 نیوز پر نو بجے کے لائیو بلیٹن معاف کیجیے گا لائیز بلیٹن کے ساتھ میں ہوں آپ کی اپنی کرشمہ خان ۔۔۔ پیش خدمت ہیں 69 ہیڈلائینز معافی چاہتی ہوں ہیڈلائیز ۔۔۔۔وزیراعظم جناب شاہد خاقان عباسی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک با اختیار وزیراعظم ہیں اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتے ، کابینہ کے تمام وزراء صرف انہی کو جواب دہ ہیں ، انہوں نے اس تاثر کو سراسر غلط قرار دیا کہ پی آئی اے کی منافع بخش پروازیں ایئر بلیو کو فروغ دینے کے لئے بند کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے ان پروازوں کے منافع بخش ہونے کو جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا ۔۔ وفاقی وزیر توانائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جناب شاہد خاقان عباسی کا قطر کے ساتھ کیا ہوا ایل این جی معاہدہ سوفیصد شفاف ہے ، قائد مسلم لیگ میاں محمدنوازشریف اور جناب شاہد خاقان عباسی سے ذاتی تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے امیر قطر نے ہمیں بہت زیادہ ڈسکاؤنٹ دیا تھا اور یہ سستی ترین ایل این جی ہے ، معاہدہ قطر کی درخواست پر منظر عام پر نہیں لایا گیا تاکہ دیگر ممالک بھی اسی ریٹ پر اصرار نہ کریں ۔۔۔ متحدہ مجلس عمل کا اہم اجلاس آج منصورہ لاہور میں ہوا جس میں ملک کی تمام دینی جماعتوں کے سربراہ شریک ہوئے اجلاس کے آخر میں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایم ایم اے کسی بھی قسم کی فرقہ واریت کو حرام سمجھتی ہے، کسی مسلمان بلکہ کسی بھی انسان کا قتل انسانیت کا قتل ہے ، کسی مسلمان کی جان مال عزت آبرو پر حملہ کرنا خلاف اسلام ہےاور خودکش حملے تو سراسر حرام اور کفر ہیں ۔۔اس دوران مولانا فضل الرحمن پروفیسر ساجد میر اور جناب سراج الحق سمیت تمام سربراہان نے علامہ ساجد نقوی کی اقتدا میں نماز ظہر ادا کی ۔ آج عمران خان نے شہید بےنظیرآباد میں پی ٹی آئی کے عظیم الشان سونامی سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایک انقلاب آ چکا ہے ، لوگ رشوت لے کر سڑکوں پر پھر رہے ہیں کوئی لینے والا نہیں ملتا، ہم نے گذشتہ دو سال میں ایک ارب بیس کروڑ درخت لگائے ہیں جو الیکشن تک دو ارب ہو جائیں گے صوبے میں اتنی چھاؤ ں ہو جائے گی کہ لوگ دھوپ لگوانے پنجاب آیا کریں گے ، انہوں نے کہا وہ عائشہ گلالئی سمیت پی ٹی آئی کی تمام خواتین کو بہنیں اور بیٹیاں سمجھتے تھے۔۔ بلاول ہاؤ س کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس خبر کو جھوٹ قرار دیا کہ زرداری صاحب کی سندھ میں انیس شوگرملز چل رہی ہیں انہوں نے کہا یہ تعداد صرف سترہ ہے ۔۔۔ دو ملیں مرمت کے لئے بند پڑی ہیں ، اور ان میں سے زیادہ تر ملز مختلف بینکوں کے پاس پلج ہیں ۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی گمراہ کن قرار دیا کہ لاہور میں بحریہ ٹاؤ ن والا گھر رشوت کے طور پر زرداری صاحب کو دیا گیا ، درحقیقت یہ گھر ملک ریاض حسین نے یتیم بلاول کو دیا تھا۔۔ خادم اعلی پنجاب نے آج کالوشاہ کاکو میں ایک مظلوم بچی کے گھر پہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں کو زہریلا پروپیگنڈہ اور ملکی ترقی کے خلاف سازش قرار دیا کہ پنجاب میں پولٹری ڈیری گوشت فارماسوٹیکل اور کپڑے کی صنعتوں پر حمزہ شہباز قبضہ کرتے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا حمزہ تو مجھ سے بھی زیادہ درویش اور تارک دنیا ہے ۔۔۔ ممتاز محب وطن تجزیہ نگاروں جناب مسعود شاہد، جناب ابراہیم سمیع ، جناب شریف ارشد اور جناب شاکر صابر نے ایک ٹی وی مذاکرے میں یہ ثابت کیا کہ ہماری مسلح افواج مکمل طور پر پروفیشنل اور غیر سیاسی ہیں ، انہوں نے جمہوریت بحال ہونے کے بعد سے تمام تر نامساعد حالات کے باوجود سیاسی امور میں مداخلت نہیں کی ، اور جوڈیشل ملٹری نیکسس کی بات کرنے والے ملک دشمن اور غدار ہیں ۔۔۔ ناظرین میں ہوں پروین اختر اور اب میں پیش کروں گی کچھ مزید ہیڈلائیز معاف کیجے گا ہیڈلائنزگزشتہ 24 گھنٹے میں ملک کے بالائی علاقوں مغربی پنجاب اور جنوبی خیبرپختونخواہ میں گرج چمک کے ساتھ چھینٹے پڑے جبکہ باقی ملک میں موسم خشک رہا ۔۔ آج بعد دوپہر انڈس ہائی وے پر تیزرفتار بس ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں سولہ افراد جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو دو گھنٹے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکٹرز مزید ایک گھنٹہ بعد پہنچے ۔۔ جاں بحق ہونے والوں اور شدید زخمیوں کا سامان لوٹنے کی خبریں بھی مل رہی ہیں ۔۔ آج پیسیفک ایئرلائنز کا ایک طیارہ جو کوالالمپور سے شنگھائی جا رہا تھا بحیرہ جنوبی چین میں گر کر تباہ ہو گیا تمام دوسو دس مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔۔ آج پرتھ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی ۔۔ آج ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی جبکہ سٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان پایا گیا۔۔ ایک مختصر بریک کے بعد ملتے ہیں خبروں کی تفصیل کے ساتھ ۔۔۔