تاریخ انسانی یوں تو عشق و محبت کی داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ کسی کو اپنا پیار مل جاتا ہے تو کسی کے لئے جدائی مقدر ٹھہرتی ہے۔ ملن اور جدائی کا یہ سلسلہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا۔ محبت مل جائے تو انسان بڑا خوش نصیب تصور کیا جاتا ہے اور اگر یہ محبت شادی کے بندھن مین بندھ جائے تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔
دور جدید میں سوشل میڈیا جیسی تیز رفتار ترقی نے فاصلے سمیٹ کر لوگوں کو ایک دوسرے کے بے حد قریب کر دیا ہے۔ جس سے محبت کی داستانیں سمندر پار بھی رقم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لیہ میں چینی لڑکی کے قبول اسلام اور نوجوان کے ساتھ شادی رچانے کی ہے ۔ چین سے تعلق رکھنے والی لیکی خاہ اور پاکستان کے شہر لیہ کے سکونتی عبدالخالق سوشل میڈیا (فیس بک) پر ایک سال قبل دوست بنے۔ پاک چین دوستی کے لازوال رشتے نے جوش مارا تو لیکی اور عبدالخالق کی دوستی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کے عہد و ہیمان باندھ لئے۔ لیکی خاہ اور عبدالخالق کو ایک دوسرے کی یاد نے تڑپانا شروع کیا تو دونوں کے درمیان سمندر پار کی دوری حائل ہو گئی۔ پاکستانی لڑکا بالآخر دیار غیر میں اپنی محبوبہ سے ملنے چلا گیا ۔ لیکی نے عبدالخالق کی دوستی اور محبت کو امر کرتے ہوئے پہلے دین اسلام کا مطالعہ کیا اور دین اسلام کو دل سے قبول کرتے ہوئے دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی اور چینی دوشیزہ نے مشرقی خواتین کی طرح اپنا اسلامی نام شوہر کے نام کے ساتھ جوڑتے ہوئے زریاب خالق رکھ لیا۔ لیکی کے اس عمل نے عبدالخالق کو دل کی گہرائیوں سے متاثر کیا اور اس نے لیکی (اسلامی نام زریاب خالق) کو اپنی دلہنیا بنا لیا اس طرح دونوں کی طویل اور کٹھن محبت امر ہو گئ۔
ایک عرصے سے سنتے آرہے ہیں کہ پاک چین دوستی کوہ ہمالیہ کی طرح بلند، سمندر کی گہرائی سے زیادہ گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ سی پیک منصوبے اور پاکستان اور چین کے درمیان سچی اور کھری محبت نے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب کر دیا ہے۔ جس کے باعث پاکستانی مردوں اور چینی خواتین کے درمیان شادیوں کے رحجان میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کی مثال ہے۔ لیکی اور عبدالخالق کو زندگی کے نئے سفر میں روایتی مشکلات تو پیش آئی ہیں جس کے بعد لیکی اپنے پیا دیس کو ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ کر پاکستانی لڑکے عبدالخالق کے دیس کو ہی اپنا دیس سمجھ کر سمندر پار لیہ آ گئی اور جہاں عبدالخالق کے گھر والوں نے نئے جوڑے کو دلہن دلہنیا بنا کر خوش آمدید کہا اور دونوں نے تھانے میں شادی کے کاغذات بھی جمع کروا دیئے دوسری جانب چینی خاتون لیکی نے شادی سے متعلق بیان بھی قلم بند کرا دیا۔ چینی خاتون لیکی اب اپنے ہمسفر کے ساتھ اس کے گھر رہ کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کر دیا۔ اس سے قبل رواں برس ستمبر میں بھی چین کی چنگشا یونیورسٹی میں زیرتعلیم پاکستانی نوجوان ڈاکٹر عبدالغفار شر اور اس کی کلاس فیلو چینی لڑکی ڈاکٹر یون کی دوستی محبت اور پھر شادی کے بندھن میں بدل گئی تھی۔ جس سے پاک چین دوستی کا سفر زیادہ گہرے انداز میں چل پڑا ہے۔
فیس بک کمینٹ