جناب صدر جمہوریہ بوسنیا ، محترمہ خاتون اول ، وزراء کرام و مشیران عظام السلام علیکم ، مجھے آپ کے چھوٹے سے مگر خوبصورت ملک میں آ کر بہت خوشی ہوئی ، سرتاج عزیز بتا رہا تھا کہ آپ کا ملک پانامہ جتنا ہی ہو گا .
رات بھائی رجب سے فون پر بات ہوئی تو انہوں نے انکشاف فرمایا کہ آپ لوگ بھی ترک نسل ہی ہو یا کچھ مکس بریڈ ہو …..تو مزید خوشی ہوئی کہ آپ ہمارے مزید بھائی ہو ، تب میں نے فیصلہ کیا کہ طارق فاطمی کی لکھی ہوئی تقریر ردی کے ٹوکرے میں ڈال دوں گا اور اپنے دلی جذبات کا فی البدیہہ اظہار کروں گا…… ہیں جی ! اور ویسے بھی مخالف میڈیا مجھ پر چٹیں پڑھنے کا الزام لگاتا ہے ، آج نو چٹ، نو چیٹنگ… آج تو بس چوٹیں ہوں گی ان مخالفین پر.ہاہاہا
آپ ماشااللہ بہت حسین جمیل لوگ ہو بالکل ہمارے کشمیری بٹوں کی طرح ، یہ دوسری صف میں بیٹھا ایک پاکستانی دانت نکال رہا ہے اسے شاید وہ لطیفہ یاد آ رہا ہے کہ اچھا تسی وی بٹ او ، تقریب کے بعد مجھے آ کے ملنا ، تو وی بٹ ای لگنائیں مینوں.
آپ کے کھابوں کی کیا بات ہے جی ، افغانی اور ترکی کھابوں جیسے ہی ہیں تیکھے اور مزیدار ، چوفتے اور چباب بہت لذیذ تھے ،آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ ہم ان کو کوفتے اور کباب کہتے ہیں بس کاف اور چے کا فرق ہے ، کاف کتے والا، کہیں قینچی والا نہ سمجھ لیں ، آپ کے دنبے کے گوشت کے تکے بعینہ ہمارے پشاور کے چرسی تکوں کے ہم ذائقہ ہیں …ذرا سری پائے اوجھڑی حلیم اور شب دیگ کی ترکیبیں ہمارے شیف سے لے لیں ، یہ مزیدار ڈشیں بناکر ہمیں کھلائیں گے تو آپ ہمارے مزید بھائی ہو جائیں گے.
آپ کے ایئرپورٹ سے سٹیٹ گیسٹ ہائوس والی سڑک پہ سفر کر کے دل باغ باغ ہو گیا میرے موٹروے کے مقابلے کی شے ہے ، سوچا تھا آپ کو موٹرویز بنانے کا مشورہ دوں گا مگر آپ کا ملک بہت چھوٹا ہے اس سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہو گا ، ویسے ڈانگ چینگ تنگ کمپنی بہت ٹھیک ٹھاک کمیشن دیتی ہے …..مجھے سڑکوں سے بہت پیار ہے…. مجھے تو شیداٹلی شیرشاہ سوری ثانی کہا کرتا تھا ….آپ نہیں جانتے ہوں گے شیرشاہ سوری کو ، اس نے پشاور سے کلکتہ تک جرنیلی سڑک بنائی تھی ، کلکتہ سے پشاور کے فاصلے کا تصور کرتا ہوں اور خواہش کرتا ہوں کہ میں شیرشاہ سوری اول ہوتا ،تو لعاب دہن بے قابو ہو جاتا ہے . . پتہ نہیں اس دور میں سوئس بنک اور آف شور کومپنیاں تھیں کہ نہیں !
آپ ہمیں خدمت کا موقع دو ، آپ کو گرڈر چاہئیں، سریا چاہئے ، چینی چاہئے ، آنڈے چاہئیں چکن چاہئے دودھ چاہئے آلو اور گنڈے چاہئیں، ایل این جی چاہئیے ہمیں حکم کرو ، ہم دیں گے آپ کو ….سبسڈی کے ساتھ دیں گے کٹ پرائس پر دیں گے ، اس طرح آپ ہمارے مزید بھائی ہو جائو گے .
صدر صاحب یہ آپ کے دونوں نوکر آپ کے بھتیجے بہت لائق اور بھاگوں والے ہیں ان کو میں یہاں چھوڑ جائوں گا یہ آپ کے ملک کو صنعتی ترقی دیں گے ، آپ کے ملک میں سٹیل مل تو نہیں ہو گی ان بچوں کو موقع دیں یہ لگائیں گے سٹیل مل ، یہ ان کا خاندانی بلکہ نسلی پیشہ ہے ، جناب صدر آپ ذاتی طور پر سٹیل کا کاروبار کریں اس کی ڈیمانڈ ہمیشہ بڑھنی ہے اور اس میں اتنا پیسہ ہے کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے ……اور پھر یہ بھی تو ہو گا کہ آپ ہمارے مزید بھائی ہو جائیں گے..
ہاں یاد آیا آپ کو اور آپ کے خاندان کو سپورٹس کا شوق تو ہو گا شوٹنگ ہنٹنگ ، آپ ضرور ہمارے پاک وطن آئو ، ہم آپ کو وسیع شکارگاہیں الاٹ کریں گے اور وہاں آپ مزے سے تلور کا شکار کھیلیں ، تلور وہ جو ایک پرندہ ہوتا ہے ہوبارہ باسٹرڈ …ہمارے شیخ دوست اس کے دیوانے ہیں ، اس کا ذائقہ تو کوئی خاص نہیں ہوتا لیکن سیانے کہتے ہیں کہ قوت باہ کے لئے بہت مفید ہے … ہیں جی
اور اس طرح آپ ہمارے مزید بھائی ہو جائیں گے…
فیس بک کمینٹ