گردوپیش پبلی کیشنز ملتان نے ڈاکٹر محمد امین کے تنقیدی مضامین (اور تبصروں) کی یہ تیسری کتاب شائع کی ہے ، پہلی دو کتابیں’ توجیہہ ‘ اور ‘تنقیدی مطالعے ‘ ہیں ۔یہ رسمی بات نہیں کہ فلسفے کے یہ استاد کوئی چار عشرے پہلے ملتان میں آئے تو ایک طرف اردو اکادمی کو بہت متوازن اور پڑھا لکھا سیکرٹری ملا انہی کی وجہ سے ہم جیسے دو چار مہم جووں کو ڈھال مل گئی سرکار کی طرف سے نیک چلنی کے ضمانت نامے پیش کرنے کے مطالبوں کے خلاف یا صالحیت کے فتوی طراز بھالوں کے مقابل ۔۔یہی نہیں انہوں نے سکھانے کی کوشش کی کہ شریعت کے ضیائی اشتعال کا مقابلہ تصوف اور سماع سے کیا جا سکتا ہے اسی زمانے میں علامہ عتیق فکری نے مجھے کہا
” خیر تاں اے اردو اکیڈمی وی تصوف دی ۔۔۔چ ۔۔۔وچ وڑی پئی اے۔ ”
ڈاکٹر محمد امین کے کئی اعزازات ہیں انہوں نے مجید امجد کے مطالعے کو ایک رخ دیا ، ہائیکو کو متعارف کرایا ، جاپانی بول چال اور قواعد پر کتب لکھیں ، عروض سے واقف ہونے کے باوجود مسکراہٹ کو اپنے چہرے پر سجائے رکھا ۔یہی نہیں فنون اور اوراق دونوں میں ان کے مضامین اور تبصرے شائع ہوتے رہے ۔ یہ کتاب انہوں نے عربی زبان کے استاد سنسکرت، پنجابی اور سرائیکی زبانوں کے ساتھ علم نجوم سے شغف رکھنے والے سید اصغر علی شاہ مرحوم کے نام معنون کی ہے ان کی شاعری اور علم اللسان سے واقفیت کے ساتھ عرش صدیقی کی پنجابی شاعری پر تفصیلی مضامین کتاب میں شامل ہیں ۔ چند اقتباسات دیکھئے اب کون ہے جو ایسا لکھ سکے
"مسلسل قوافی کا بہاؤ تیز ہوتا ہے غیر مسلسل تکرار اور قافیے کی تبدیلی سے بہاؤ سست ہوتا ہے۔ ۔فیض کے کلام کے مطالعے سے ہئیت کی جمالیاتی اور فکری اہمیت بھی واضح ہوتی ہے "(فیض کی نظموں کا ہیئتی مطالعہ )
۔۔
” ٹینٹلائزیشن کو یوں سمجھئے کہ زیوس کے بیٹے طنطالوس کو دیوتاوں کے راز افشا کرنے پر جھاڑیوں کے درمیان ٹھوڑی تک پانی میں کھڑے ہونے کی سزا دی تھی وہ جھکتا تو پانی نیچے اتر جاتا گویا یہ للچانے اور ترسانے کا عمل ہے "(آٹو گراف کے بارے میں الزبیر میں شائع دو مضامین پر تبصرہ۔اسلم انصاری ہوتے تو تسامحات کا لفظ لکھتے )
ڈاکٹر محمد امین کے بہت سے شاگرد اب تک تدریس پر ان کی دسترس کے قائل ہیں مگر گورنمنٹ کالج سول لائینز کے ان کےتین شاگرد قائل ہی نہیں گھائل بھی ہیں ڈاکٹر عامر سہیل ، محمد عارف رجوانہ اور رضی الدین رضی ۔
کتاب پر قیمت ایک ہزار روپے درج ہے اگر آپ فرمائش کرتے ہوئے خارج الوزن نہ ہوئے تو شاید چھ سو روپے میں یہ کتاب آپ کو مل جائے کوشش کیجیے
03186780423
73/A جلیل آباد کالونی ملتان
فیس بک کمینٹ