اسلام آباد : پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ڈرون کہاں سے آئے اور ان کا ہدف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں عام ڈرونز تھے اور انھیں الیکٹرانک آلات کی مدد سے ناکارہ بنایا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد کی پولیس نے بی بی سی کے شہزاد ملک کو بتایا تھا کہ جمعہ کی شام شہر کے سیکٹر آئی نائن میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا سرفراز بٹ کا کہنا ہے کہ ڈرون گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس علاقے میں ضروری کارروائی کر رہی ہے۔
ڈرون گرنے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تاحال حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اسی دوران اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے فضائی آپریشنز بھی معطل رہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی اور اب ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ جمعہ کو پاکستان میں ڈرون گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جمعہ کی صبح جمعہ کی صبح افغان طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں فوجی چھاؤنی کو ڈرونز کی مدد سے نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا۔ وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ کوہاٹ چھاؤنی پر ڈرون حملہ گذشتہ رات کی گئی پاکستانی بمباری کے جواب میں کیا گیا ہے۔
بی بی سی کے نمائندے عزیز اللہ خان کے مطابق جمعہ کی صبح کوہاٹ میں یکے بعد دیگرے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر شفیع جان نے ایک بیان میں کہا کہ کوہاٹ پولیس کی خصوصی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ڈرون کو اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے جام کر دیا تھا۔
ان کے مطابق اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈرون کے سگنلز جام کیے گئے جس کے بعد موٹر بند ہونے سے ڈرون زمین پر گر گیا۔ انھوں نے ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اُدھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غوڑ گئی میں بھی ایک ڈرون گرنے سے دو بچیاں زخمی ہو گئی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے بی بی سی کے محمد کاظم کو بتایا کہ کلی ملاخیل میں ایک گھر پر ڈرون گرنے سے مکان کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا اور ملبے تلے آ کر دو بچیاں زخمی ہوئیں جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی )
فیس بک کمینٹ

