اسلام آباد: پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون اناؤنسر اور ڈرامہ آرٹسٹ کنول نصیر انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کا بتانا ہے کہ کنول نصیر علالت کے باعث گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے بھی کنول نصیر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
کنول نصیر ریڈیو پاکستان کی لیجنڈ موہنی حمید کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی خوش دامن تھیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کنول نصیر کو چند روز قبل دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جمعرات کو انتقال کرگئیں۔ کنول نصیر کو ان کی خدمات کے پیش نظر مختلف اہم ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ کنول نصیر گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ تک پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ساتھ وابستہ رہیں۔ ان کی اچانک وفات پر سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ا نہوں نے 26 نومبر 1964ء کو پی ٹی وی کے قیام کے وقت پہلی اناﺅنسمنٹ کی تھی۔ انہوں نے 17 سال کی عمر سے ٹی وی میں کام کرنا شروع کیا۔ وہ ٹی وی ڈرامے کی پہلی ہیروئن بھی تھیں۔ انہوں ںے ٹی وی اسکرین پر پہلی بار ’’میرا نام کنول نصیر ہے، آج پاکستان میں ٹیلی ویژن آ گیا ہے آپ کو بھی مبارک ہو‘‘ کے الفاظ ادا کیے۔
فیس بک کمینٹ