اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، آئین کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے۔خیال رہے کہ گورنر پنجاب کو ان کے منصب سے ایسے وقت برطرف کیا گیا کہ جب آج صوبائی اسمبلی کو قائد ایوان یعنی وزیراعلیٰ کا انتخاب کرنا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو پرویز الٰہی کے کہنے پر برطرف کیا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ چوہدری سرور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کے لیے مہم چلا رہے تھے اور وہ وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پرویز الٰہی کی مخالفت کررہے تھے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے شکایت کی جس پر وزیراعظم نےمعاملے کا نوٹس لیتے ہوئےصدر کو گورنر پنجاب کی برطرفی کے لیےایڈوائس کیا۔
فیس بک کمینٹ

