کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ان کی اجتماعی تدفین کر دی گئی ہے۔ کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق نماز جنازہ میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی و وفاقی وزرا اور قبائلی عمائدین کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد۔ نے شرکت کی۔
گذشتہ شب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مچھ میں ہلاک کیے جانے والے کان کنوں کی میتوں کو مغربی بائی پاس کے علاقے میں دھرنے کی جگہ سے ہزارہ ٹائون میں ولی عصر امام بارگاہ منتقل کیا گیا تھا۔ یاد رہے گذشتہ ہفتے کے روز بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 کان کنوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں سمیت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جو شدید سردی میں چھ روز تک جاری رہا۔ادھر وزیراعظم عمران خان بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مچھ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نور خان ائیر بیس سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے اور وزیر داخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آمد کے بعد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے جہاں پولیس دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور انہیں سانحہ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔