اسلام آباد : پاکستان میں سنیچر کی رات کو بجلی کا ایک بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے بعد ملک کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے پاکستان کی تاریخ کے طویل ترین بریک ڈاؤن میں بعض علاقوں میں بارہ گھنٹے ہونے کو ہیں لیکن ابھی برقی رو بحال نہیں ہوئی برقی رو کے تعطل کے بعد رات بھر افواہیں گردش کرتی رہیں۔ حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ وزارتِ توانائی نے اب سے کچھ یر قبل دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے ضلع گجرات ضلع منڈی بہاالدین کے تمام گرڈ سٹیشنز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق اسلام آباد، پشاور، ملتان، جہلم، گجر خان اور مظفر گڑھ میں بجلی کی بحالی شروع ہو چکی ہے جبکہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک کے بھی کئی فیڈرز کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کے مطابق کراچی کے کچھ مقامات پر بجلی بحال کی گئی ہے جبکہ اس کی انجینیئرنگ ٹیمیں بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔
تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ ملک کے کن علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔
صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت چاروں صوبوں کے متعدد شہر اس بریک ڈاؤن سے متاثر ہوئے ہیں۔
صحافی ایم اے جرال کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں کے علاوہ دیہاتوں میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔ وزارتِ توانائی کی جانب سے بتایا گیا کہ 11 بج کر 41 منٹ پر گڈو بجلی گھر میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی ہے۔
گڈو تھرمل پاور سٹیشن سندھ کے ضلع کشمور میں دریائے سندھ کے کنارے پر واقع ہے اور اس کا شمار پاکستان کے بڑے بجلی گھروں میں ہوتا ہے۔