اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بلیک نہیں ہوں گے، عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق رانا ثنااللہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو 4 گولیاں نہیں لگیں، کوئی بھی آزاد میڈیکل بورڈ جائزہ لے تو جھوٹ پکڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں معاملے کی صاف، شفاف تحقیقات کے لئے تمام ایجنسیوں کی اعلیٰ سطح کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے جن تین لوگوں پر الزام لگایا ہے ان کے خلاف کسی ایک بھی ثبوت پر بات نہیں کی، جس طرح سمندر کی گہرائی کی پیمائش نہیں کی جا سکتی اسی طرح عمران خان کے جھوٹ کا بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان الزام تراشیاں کر رہا ہے، عمران خان 4 سال وزیراعظم رہے، ان کو 18 اور 900 قتل اس وقت نظر نہیں آئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پورے واقعے کے ایک ایک لمحے کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے، عمران خان استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کے دور حکومت میں جتنی بھی تحقیقات ہوئیں تو کیا یہ استعفیٰ دے کر انکوائری کراتا رہا ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی سربراہی میں انکوائری بینچ بٹھا دیں، وہ 900 قتل اور 18 قتل کی بھی انکوائری کریں، عمران خان کے زخموں کی بھی انکوائری کریں۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص پکڑا گیا اس کو لانگ مارچ میں موجود ان کے کارکنوں نے پکڑا، گجرات پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کی، کیا وہ میرے ماتحت ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان فساد فی الارض ہے اور یہ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم بلیک میل نہیں ہوں گے۔
بشکریہ ڈان نیوز

