پشاور : پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں مختلف مقامات پر بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں شدید بارش (کلاؤڈ برسٹ) کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کے تعاون سے اب تک آٹھ لاشوں اور چار زخمیوں کو ملبے اور پانی سے نکال لیا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اب بھی تقریباً 17 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ کے مطابق وادی کوٹلہ میں کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے چھ افراد دب گئےجن کی تلاش جاری ہے۔ اس کے علاوہ، کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں مزید تین مکان بھی آئے ہیں۔
ایس ڈی ایم کے مطابق، پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے اندر مجموعی طور پر جمعرات کو چار گھر، چھ دوکانیں اور ایک مرکزی پل اور چار چھوٹے رابط پل تباہ ہوئے ہیں۔ جن میں ضلع مظفرآباد کے مچھیارہ نالے میں تین دوکانیں، ایک پن چکی اور ایک مرکزی پل اور ایک چھوٹا رابط پل تباہ ہوئے۔
ضلع سدھنوتی میں ایک بھی خاتون سیلابی ریلے کی زد میں آ کر ہلاک ہوئیں جبکہ ایک خاتون زخمی ہیں۔ ضلع باغ میں ایک خاتون ہلاک ہوئیں جبکہ تین سیاحوں کو ریسکیو کیا گیا جن کی گاڑی سیلابی نالے میں بہہ گئی۔
ضلع نیلم کے سیاحتی مقام رتی گلی میں پھنسے 50 سیاحوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔ رابطہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے 60 سیاح تاحال وہاں تاحال پھنسے ہوئے ہیں۔ ان افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے ریسکیو اور انتظامیہ کی ٹیمیں کوشش کر رہی ہیں ۔
( بشکریہ ۔۔ بی بی سی )
فیس بک کمینٹ

