ملتان : جنوبی پنجاب کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے ملتان پریس کلب میں آج سال 2026-27 کے لیے سالانہ انتخابات منعقد ہو رہے ہیں ۔۔ ان انتخابات میں برسرِ اقتدار جرنسٹس پینل کا پروفیشنل جرنسٹس گروپ کے ساتھ مقابلہ ہے ۔صدارت کے عہدے پر بیس سال سے جرنلسٹس گروپ کے موجودہ صدر شکیل انجم موجود ہیں جن کا اپنے سابق حریف پروفیشنل جرنلسٹس پینل کے صدارتی امیدوار اشفاق احمد کے ساتھ مقابلہ ہے ۔ اس سے پہلے دو مارچ 2015 میں ایسی گہما گہمی دیکھنے میں آئی تھی جب انہی دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا اور اشفاق احمد نے شکیل انجم کو ہرا دیا تھا ۔۔ اشفاق احمد آٹھ ماہ برسرِ اقتدار رہے جس کے بعد شکیل انجم دوبارہ برسرَ اقتدار آ گئے ۔۔ عملی طور پر 2006 سے شکیل انجم صدر بننا شروع ہوئے ، اس سے پہلے 2013 میں رانا پرویز حمید صدر منتخب ہوئے تھے ۔ باقی تمام عرصہ شکیل انجم صدر کے عہدے پر فائز ر ہے۔۔
انتخابی مہم ختم ہونے کےبعد رات بھر مختلف امیدوار ووٹروں کے گھروں اور دفاتر میں جا کر رابطے کرتے رہے ۔انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کی فہرست اور مالی بدعنوانیوں کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ۔
دونوں جانب سے اب تک کوئی تحریری منشور سامنے نہیں آیا ۔۔ تاہم صحافی کالونی ملتان کی حالتِ زار اور پلاٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم زور و شور کے ساتھ زیرِ بھث ہے۔ ووٹ ڈالنے کے لیے مختلف شہروں سے پریس کلب کے اراکین بھی ملتان پہنچ چکے ہیں ۔۔ صدر ، سیکریٹری سمیت تمام نشستوں پر کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔
ملتان پریس کلب کے الیکشن کیلئے الیکشن کمیٹی نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیٹی ملتان پر یس کلب کےاجلاس بابت الیکشن پریس کلب 2026-27میں طے پایا کہ سیکرٹری جنرل کی طرف سے جاری کردہ ووٹر لسٹ میں شامل تمام اراکین پریس کلب حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، ووٹنگ پندرہ فروری بروز اتوار صبح نوبجے سے شام پانچ بجے تک بنا کسی وقفہ کے جاری رہے گی، مقررہ وقت کے دوران پولنگ احاطہ میں داخل ہو جانے والے اراکین وقت ختم ہونے کے بعد بھی حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، پولنگ کا عمل ایم سی سی گراؤنڈ میں ہوگا، ووٹر کو اپنا شناختی کارڈ / ادارے کا کارڈ یا پھر ایکریڈیشن کارڈ ہمراہ لانا ہوگا اور کسی تنازع کی صورت میں الیکشن کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔الیکشن کے موقع پر انتظامیہ اور پولیس نے بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ۔۔
فیس بک کمینٹ

