اسلام آباد: احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک قومی احتسباب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز پر 19 دسمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنائیں گے۔ ڈان نیوز کے مطابق عدالت میں پیشی سے قبل نواز شریف نے فارم ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں وکیل خواجہ حارث اور حمزہ شہباز نے ان سے ملاقات کی۔ ان عدالتی کیسز کے طویل سلسلے میں شریف خاندان نے منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور آف شور اثاثے چھپانے کے الزامات کا مقابلہ کیا اور آج کے عدالتی فیصلے سے کیسز کا یہ طویل سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ادھر فیصلے کے پیش نظر احتساب عدالت کے اطراف سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور رینجرز، پولیس، کمانڈوز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ رجسٹرار کی اجازت کے علاوہ کسی کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ نے مختلف داخلی راستوں پر ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔ دوسری جانب عدالتی فیصلے سے قبل ہی سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے عدالت پہنچی اور سابق وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس فیصلے کے پیش نظر نواز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے اور اس بات کا امکان ہے کہ وہ کمرہ عدالت میں فیصلہ خود سنیں گے۔ علاوہ ازیں عباس آفریدی کے فارم ہاؤس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا .اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر سرجھکانا پڑے، میرا ضمیر مطمئن ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیشہ ایمانداری سے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے، اس کیس میں کچھ بھی نہیں، زیادہ زیادتی کر بھی نہیں سکتے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کو پٹری سے اتار دیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے عوامی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کردیا ہے۔ اس ملاقات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما نواز شریف سے احتجاج کی حکمت عملی پوچھتے رہے لیکن سابق وزیر اعظم نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا اور یہ معاملہ پارٹی پر چھوڑ دیا۔
فیس بک کمینٹ