لاڑکانہ:لاڑکانہ میں شہیدمحترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی فائنل ایئر کی ہندو طالبہ کو ہاسٹل میں مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ۔ طالبہ کی پراسرار موت پر طلباءسراپا احتجاج بن گئے۔نمرتا کماری میڈیکل یونیورسٹی کے بی بی آصفہ ڈینیٹل کالج میں زیرتعلیم تھی۔سوموار کے روز اس کی لاش ہاسٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔یونیورسٹی کی وائس چانسلر انیلہ عطاءالرحمن نے کہا کہ کمیٹی لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپل کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔پولیس نے کمرے کو سربمہر کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
نمرتا کماری کا تعلق کراچی سے تھا ۔مبینہ طورپر اسے زیادتی کے بعد قتل کیاگیا ہے۔نمرتا کے والدین کا کہنا ہے کہ ہم سرکاری ہسپتال یا کمیٹی کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ اس کاپوسٹ مارٹم آغاہسپتال کراچی سے کرایا جائے۔