اسلام آباد : جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر سے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع ہوجائے گا، ملک بھر سے قافلے اس مارچ میں شریک ہوں گے، ہم اس حکومت کو چلتا کرکے دکھائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے فوری نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ بھی کیا اور دھمکی دی کہ اگر مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پہلی اسکیم، پھر دوسری اسکیم ، پھر تیسری اسکیم ہوگی۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے وجود میں آئی ہے، ناجائز حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ملکی معیشت ڈوب چکی ہے۔
مذہبی حوالے سے پاکستانی مسلمان کرب کا شکار ہیں۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو بقا کا سوال پیدا ہوگیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے پورے ملک میں 15 ملین مارچ کیے ہیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ پورے ملک سے قافلے 27 اکتوبر کو اسلام آباد آکر دم لیں گے، 27 اکتوبر کو ہم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے بھی رابطے میں رہیں گے،حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔