لاڑکانہ : سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی 4 اپریل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ برسی میں شرکت کے لئے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش پہنچ گئی ہے جہاں تین اور چار اپریل کی درمیانی شب بھٹو صاحب کے مزار پر ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہو گا۔ برسی کے موقع پر کل یعنی 4 اپریل کو سندھ میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی کے موقع پر پورے سندھ میں منگل 4 اپریل کو عام تعطیل ہوگی۔ اس موقع پر حکومت سندھ کے ماتحت تمام دفاتر، خودمختار، نیم خودمختار اداروں، کارپوریشنز اور مقامی کونسلز میں تعطیل ہوگی۔ ذوالفقار علی بھٹو 1963 سے 1966 تک ملک کے پہلے فوجی صدر جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وفاقی وزیر تھے، وہ 1971 سے 1973 تک ملک کے پہلے سویلین صدر اور 1973 سے 5 جولائی 1977 تک ملک کے وزیراعظم رہے۔ 5 جولائی 1977 کو جنرل ضیاء الحق نے ملک میں مارشل لاء لگایا اور ذوالفقار علی بھٹو کو گرفتار کر لیا گیا، ان پر قتل کا مقدمہ چلا اور 18 مارچ 1978 کو انھیں ہائی کورٹ نے سزائے موت سنائی، 6 فروری 1979 کو سپریم کورٹ نے بھی سزا کو برقرار رکھا اور 4 اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔
فیس بک کمینٹ