رحیم یار خان : گزشتہ برس ملک کے بڑے شہروں میں جنرل راحیل شریف کی حمایت میں ‘پراسرار’ پوسٹرز آویزاں کیے گئے تھے اور اب کچھ ایسے ہی پوسٹرز رحیم یار خان میں آویزاں نظر آئے۔ تاہم ان پوسٹرز میں اس بار راحیل منیر کی تصویریں ہیں، جو وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر کے داماد اور بااثر کاروباری شخصیت چودھری منیر کے بیٹے ہیں۔ ڈان نیوز کے مطابق رحیم یار خان کے سیکڑوں بجلی اور فون کے کھمبوں پر رحیم منیر کی حمایت میں پوسٹرز لگائے گئے، تاہم ابھی تک یہ معمہ ہی بنا ہوا ہے کہ یہ پوسٹرز کس نے آویزاں کیے، پوسٹرز پر ‘مسلم لیگ کو بچانا ہے، راحیل منیر کو لانا ہے’ اور ‘ایک نظریہ، ایک سوچ’ جیسے نعرے درج ہیں، یہ پوسٹرز شہریوں کے درمیان بحث کا موضوع بن چکے ہیں۔ ادھر راحیل کے والد چودھری منیر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ رحیم یار خان کے لوگوں نے اس مہم کا آغاز کیوں کیا۔
(بشکریہ:ڈان نیوز)