کراچی: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کردی۔آج صوبہ سندھ میں کورونا کے مزید دو اور کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں زیر علاج 2 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 54 افراد زندگی کی جنگ ہار گئے ہیں۔یہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا کے کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 8042 ہے جن میں 2731 صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 291 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں محکمہ صحت سندھ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس دوران بعض اہم فیصلے بھی کیے گئے۔محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فرنٹ لائن ڈیسک کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں عوامی اجتماعات نہ کرانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ صحت نے بتایاکہ وزیراعلیٰ سندھ سے تمام تعلیمی اداروں کو لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو گڈاپ میں قائم اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق نئے آنے والے کیسز میں سے ایک کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کراچی سے ہے جب کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج 12 سالہ بچے میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اسپتال کی میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ ایران سے سرحدی علاقے تفتان اور پھر کوئٹہ پہنچا تھا تاہم بچے کے والدین میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
عالمی میڈیا کے مطابق دسمبر 2019 میں کورونا کی تشخیص کے بعد سے آج منگل تک 105 ممالک میں ایک لاکھ 15 ہزار 124 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا سے چین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے 9 ہزار 172 کیسز سامنے آئے ہیں اور 463 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اٹلی کی حکومت نے اپنے 6 کروڑ شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ’گھروں میں رہیں۔‘
فیس بک کمینٹ

