دوبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فُل ممبران نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور ’بگ تھری‘ کے خلاف ووٹ دے دیا۔ کونسل کے اراکین نے ووٹ کے ذریعے نئے مالیاتی ماڈل اور گورننس تبدیلیاں متعارف کرانے کی بھی منظوری دی، جو ’بگ تھری‘ کا موجودہ نظام ختم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ بی سی سی آئی کونسل کا وہ واحد رکن تھا جس نے نئے مالیاتی ماڈل کے خلاف جبکہ گورننس تبدیلیوں کے خلاف ’بی سی سی آئی‘ سمیت دو کرکٹ بورڈز نے ووٹ دیئے۔ نئے مالیاتی ماڈل کے حق میں 9 اور مخالفت میں ایک ووٹ آیا جبکہ گورننس اسٹرکچر میں تبدیلیاں متعارف کرانے کے حق میں 8 اور مخالفت میں 2 ووٹ آئے۔ اگرچہ ’آئی سی سی‘ کے نئے آئین کو اکثریت کی حمایت حاصل ہے، تاہم اس کی باضابطہ منظوری جون 2017 میں سالانہ کانفرنس میں دی جائے گی۔
فیس بک کمینٹ