ریاض : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز کردیا اور اس سلسلے میں وہ سب سے پہلے سعودی عرب پہنچے جہاں وہ امریکا عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کریں گے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طیارہ ’ایئرفورس ون‘ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 50 منٹ پر ریاض ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا۔ ٹرمپ کے ہمراہ ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی سعودی عرب کے دورے پر موجود ہیں جنہوں نے اس موقع پر سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا اور سر پر دوپٹہ یا کوئی اسکارف نہیں لیا ہوا تھا۔ امریکی صدر کے استقبال کے لیے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز خود بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے جبکہ ٹرمپ اور ان کے وفد کے لیے ریڈ کارپٹ استقبال کی تیاریاں کی گئی تھیں۔ طیارے سے اترنے کے بعد سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ سے مصافحہ کیا اور پھر انہیں ایئرپورٹ کے لابی تک ساتھ لے کر گئے۔
فیس بک کمینٹ