راولپنڈی : اتوار کے روز صبح راولپنڈی اور لاہور سمیت پاکستان کے متعدد شہروں میں پاکستان کی سب کی بڑی ٹیلی کام کمپنی موبی لنک کے صارفین کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب موبی لنک نیٹ ورک پر موجود موبائل سیٹس نے کام کرنا بند کردیا۔ ۔نیوز فلیش نیوز ایجنسی کے مطابق صبح چھ بجے سے بارہ بجے کے درمیان متعدد شہروں کے صارفین شدید مشکلات کا شکار رہے۔ راولپنڈی کے علاوہ جنوبی پنجاب کے شہر سب سے زیادہ متاثر ہوۓ جہاں تکنیکی خرابی کے باعث موبائل سروس کی بندش کا دورانیہ سب سے طویل رہا۔ ایک اندازے کے مطابق خاص طور پر جنوبی پنجاب میں کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔یاد رہے ملتان، بہاولپور ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان ، اور راجن پور کے علاقوں میں اتوار کو کاروباری سرگرمیاں صبح کے وقت عروج پر ہوتی ہیں۔ان علاقوں میں حکومتی ہدایات کے برعکس جمعہ کے روز ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔
“تحفظ براے موبائل صارفین ” نامی سوشل میڈیا کی ایک تنظیم نے پی ٹی اے کو استدعا کی ہے کہ موبائل کمپنی کی اپنے صارفین کو بلا تعطل خدمات مہیا کرنے میں ناکامی پر سخت نوٹس لیا جائے۔ موبی لنک ٹیلی کام کمپنی سے ایک سینئر ٹیلی کام انجنیئر نے نیوز فلیش کو اپنا نام راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ راولپنڈی ، لاہور اور ملتان میں اس مسئلے کا حل کرنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر ان شہروں میں صارفین کی سہولت کے لئے قائم کی گئی ہیلپ لائن ١١١ بھی معطل کر دی گئی ہے کیونکہ موبائل کمپنی کے پاس اتوار کے روز سٹاف ناکافی ہے۔.بارہ بجے کے بعد بعض شہروں میں نیٹ ورک کی بحالی ششروع ہو گئی ۔
(بشکریہ:نیوز فلیش)
فیس بک کمینٹ