تہران: جنوبی تہران میں واقع آیت اللہ خمینی کے مزار پر خودکش حملے اور ایرانی پارلیمنٹ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خمینی کے مزار پر مسلح افراد کے حملے میں ایک باغبان ہلاک ہوا جبکہ اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ کی ہلاکت ہوئی۔مقامی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے پارلیمنٹ کی عمارت سے 20 کلومیٹر کی دوری پر واقع مزار میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے میں خاتون خودکش حملہ آور کے ملوث ہونے کا خیال ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب چند متضاد اطلاعات کے مطابق اس حملے میں خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد ملوث تھے۔ مزار پر حملے سے قبل ایرانی پارلیمنٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک مسلح شخص نے پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہو کر گارڈز پر فائرنگ شروع کردی۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مقامی نیوز ایجنسیوں کی ٹیلی گرام فیڈز میں دعویٰ کیا گیا کہ حملہ آور نے ایک گارڈ کی ٹانگ پر گولی ماری اور فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی سیکیورٹی گارڈ بعدازاں ہلاک ہوگیا۔
فیس بک کمینٹ