ملتان : ملتان کے علاقے مظفرآباد میں ایک ہی خاندان کے لوگوں کے فیصلے پر ایک 17 سالہ لڑکی کو انتقامی طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے دو گروہوں کے افراد، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، نے کچھ روز قبل ایک 12 سے 14 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے میں آپس میں فیصلہ کیا کہ اس میں ملوث ملزم کے خاندان کی کسی لڑکی کے ساتھ بھی اسی طرح انتقامی زیادتی کی جائے۔ محمد امین نامی شخص کے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملزم عمر وڈا کی 17 سالہ چچا زاد بہن کے ساتھ بدلے کے طور پر زیادتی کی گئی۔ پولیس کے مطابق اس کے بعد دونوں فریقین میں مبینہ طور پر صلح ہو گئی۔ پولیس کو معاملے کا علم وومن پولیس سٹیشن ملتان میں درج ایک درخواست کے ذریعے ہوا۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان احسن یونس نے بتایا کہ یہ کوئی روایتی پنچائیت نہیں تھی بلکہ ایک ہی خاندان کے لوگوں نے آپس ہی میں تمام معاملات طے کر لیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 سالہ لڑکی کو انتقامی طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد دونوں فریقین میں صلح ہو گئی جس کا صلح نامہ بعد میں تفتیش کے دوران پولیس کو بھی دکھایا گیا تھا۔ ’لڑکی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔ پولیس نے اپنی مدعیت میں فیصلہ دینے والے سرپنچ محمد امین اور فریقین کے 26 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔‘
احسن یونس نے بتایا کہ 20 افراد زیرِ حراست ہیں تاہم لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والا شخص تا حال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پولیس کہ علم میں یہ واقعہ اس وقت آیا جب 16 جولائی کو بیگم مائی نامی ایک خاتون نے ویمن پولیس سٹیشن ملتان میں شکایت درج کروائی کہ عمر وڈا نامی ایک شخص نے اس کی 12 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
اس نے پولیس کو بتایا کہ موقع پر کچھ افراد نے عمر وڈا کو پکڑ لیا اور گھر لے آئے تاہم اس وقت لڑکی کا باپ حق نواز گھر پر موجود نہیں تھا اس لیے اس کو چھوڑ دیا گیا۔ دونوں فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں۔ مائی نے پولیس کو بتایا کہ اگلے روز ان کے شوہر خاندان کے ایک اور شخص محمد امین کے ہمراہ عمر وڈا کے گھر پہنچے اور ان کے والد نذیر حسین سے مبینہ زیادتی کا بدلہ دینے پر اصرار کیا۔
محمد امین کے فیصلے پر یہ طے پایا کہ جس طرح 12 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی اس کا بدلہ بھی اسی طرح لیا جائے گا۔ جس کے اگلے روز نذیر حسین اپنی 17 سالہ بھتیجی کو لے کر ان کے گھر آئے اور اس کو بدلے کے طور پر پیش کر دیا۔ مائی کے مطابق جب 12 سالہ لڑکی کے بھائی اشفاق نے 17 سالہ لڑکی کو الگ کمرے میں ریپ کیا تو اس وقت محمد امین اور دوسرے افراد بھی گھر میں موجود تھے۔ تاہم ان کے مطابق بعدازاں نذیر حسین نے پنچائیت کے صلح کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 17 سالہ لڑکی کا میڈیکل کروا کر پولیس میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان احسن یونس نے بی بی سی کو بتایا کہ اس شکایت پر پولیس کو معاملے کا علم ہوا جس پر دوبارہ تفتیش کی گئی جس کے بعد گرفتاریاں عمل میں آئیں ۔
فیس بک کمینٹ