لاہور: قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے تمام پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیدیا گیا۔خیال رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے بطور امید وار سامنے آئی ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں کُل 43 امیدوار بھی موجود ہیں۔تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امید وار ڈاکٹر یاسمین راشد ن لیگ کی کلثوم نواز کے مقابلے میں سخت حریف ثابت ہوں گی۔اتوار (17 ستمبر) کی صبح 9 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کے جوان تعینات رہیں گے۔الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی آسانی کے لیے حلقے کے 220 پولنگ اسٹیشنز کا گوگل میپ بھی جاری کر دیا جس پر عمل کرکے ووٹرز متعلقہ پولنگ اسٹیشن تک با آسانی پہنچ سکیں گے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن پنجاب آفس میں انتخاب سے متعلقہ سامان پریذائیڈنگ آفیسرز کے حوالے کیا گیا جسے پاک فوج کے جوانوں کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا گیا۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بائیومیٹرک نظام کا تجربہ کیا جائے گا جس کے لیے حلقے میں ووٹرز کی شناخت کیلئے 100 سے زائد بائیو میٹرک مشینیں نصب کی گئی ہیں جو تجرباتی طور پر 39 پولنگ اسٹیشنوں پراستعمال کی جائیں گی۔ن لیگ کے رہنما اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا حلقہ این اے 120 پنجاب کا دل ہے اور شام کو اس دل سے نکلنے والی آواز کو پورا پاکستان سنے گا۔
فیس بک کمینٹ