پشاور: پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ڈرون حملوں میں طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کے اہم ترین کمانڈر سمیت 31 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق منگل کی سہ پہر ہونے والا تیسرا ڈرون حملہ بھی پاک افغان سرحد پر پاکستان کی کرم ایجنسی اور اس سے منسلک افغانستان کے علاقے پکتیا میں ہوا جس میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔اس سے قبل پولیٹیکل انتظامیہ نے بتایا تھا کہ منگل کی صبح کرم ایجنسی کے قریب پاکستان کی سرحد سے منسلک صوبہ پکتیا میں دو ڈرون حملے ہوئے تھے، جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تاہم فوری طور پر اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تھی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پاک افغان سرحد پر کرم ایجنسی کے قریب ایک ڈرون نے ایک کمپاؤنڈ پر 4 میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ مکمل تباہ ہوگیا تھا جبکہ واقعے میں اہم طالبان کمانڈر اور ان کے متعدد ساتھیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات تھیں۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق مذکورہ ڈرون حملہ شوپولا کے علاقے میں ہوا تھا جس میں 5 افراد ہلاک ہوئے تاہم پولیٹیکل انتظامیہ سے موصول ہونے والی حالیہ رپورٹس کے مطابق ڈرون حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں کرم ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والے ڈرون حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر ابوبکر افغانی سید کریمی اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔تاہم اس حوالے سے طالبان اور دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔مشتبہ ڈرون حملہ پاک فوج کی جانب سے غیر ملکی یرغمالیوں کو دہشت گرد تنظیم کی حراست سے بحفاظت بازیاب کرانے کے چند روز بعد پیش آیا۔
فیس بک کمینٹ