ملتان : ادب اور طب کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم جہانِ مسیحاکے زیراہتمام ہفتے کے شب ملتان میں نامور شاعر امجداسلام امجد کے ساتھ ایک شام منائی گئی۔تقریب میں معروف شاعر زاہد فخری ،نامور شاعرہ ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ اورمعروف شاعر رضی الدین رضی نے بھی مہمان اعزاز کے طورپرشرکت کی ۔نظامت کے فرائض معروف شاعر اورکالم نگار شاکر حسین شاکرنے انجام دیئے ۔افتتاحی کلمات میں فارماسیوٹیکل کمپنی فارم ایوو کے منیجر کارپوریٹ مارکیٹنگ اطہرسلیمان نے کہاکہ ہم جہانِ مسیحا کے زیراہتمام ادب اورطب کے درمیان ایک رابطہ پیداکررہے ہیں ۔ہم اوربہت سی خدمات توانجام دیتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کے لئے ادبی تقریبات کااہتمام بھی کرتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جہانِ مسیحاکے زیراہتمام شاعری پرمشتمل ایک خوبصورت کیلنڈر بھی شائع کیاجاتاہے جس کی افتتاحی تقریب 4دسمبر کو ملتان میں منعقد ہوگی اوراس میں شرکت کے لئے نامور شاعر خواجہ رضی حیدر خاص طورپرملتان آئیں گے کہ ہمارے ادبی شعبے جہانِ مسیحاکی نگرانی ڈاکٹرقاسم پیرزادہ اورخواجہ رضی حیدرہی کررہے ہیں۔بعدازاں شاکر حسین شاکر ،رضی الدین رضی ،ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ ،زاہدفخری اورامجداسلام امجد نے اپنا کلام سناکر بھرپوردادحاصل کی ۔
فیس بک کمینٹ