واشنگٹن : امریکہ نے یروشلم پر اسرائیل کے قبضہ کو جائز قرار دے دیا ہے۔امریکی صدر "ڈونلڈ ٹرمپ” نے فیصلہ کیا ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لیا جائے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو تحریری طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اسرائیل میں امریکہ کے سفارتخانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیا جائے۔ اس سلسلہ میں سرکاری اعلامیہ آج کسی بھی وقت متوقع ہے۔سرکاری اعلامیہ میں بتایا جائے گا کہ یروشلم حقیقتًا اسرائیل کا دارلحکومت ہے اور حقیقت کا اعتراف کرنا دانشمندی ہے۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ سفارتخانے کا عملہ انتظامی امور مکمل ہونے تک چھ ماہ کے لیے تل ابیب میں قیام کر سکتا ہے۔بعض مبصرین کا خیال ہے کہ یہ اعلامیہ نئے تنازعات کو جنم دے گا۔تاہم اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اس سے پہلے فلسطین، سعودی عرب، اردن، اور مصر کے رہنماﺅں کو بذریعہ ٹیلی فون اعتماد میں لے چکے ہیں۔یاد رہے یروشلم فلسطین اور اسرائیل کے تنازعہ میں اہم ترین معاملہ ہے۔
فیس بک کمینٹ