راولپنڈی: پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے سابق سربراہ اور سیاست دان ایئر مارشل (ر) اصغر خان انتقال کر گئے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اصغر خان کی نمازِ جنازہ کل (6 جنوری کو) ان کے آبائی علاقے نواں شہر ایبٹ آباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان الیاسی مسجدنواں شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔سابق ایئر مارشل پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ تھے جنہوں نے 35 برس کی عمر میں ایئر فورس کی کمان سنبھالی تھی۔ایئرمارشل (ر) اصغر خان کی عمر 96 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ایئر چیف مارشل (ر) اصغر خان پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے صدر کے عہدے پر بھی تعینات رہے تھے۔پاک فضائیہ کے سابق سربراہ نے سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے 1970 میں اپنی سیکیولر سیاسی جماعت تحریک استقلال کی بنیاد رکھی تھی، یہ جماعت 2013 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم ہوگئی تھی۔اصغر خان کا سیاست میں متنازعہ کردار رہا انہوں نے 1977 میں فوج کو مارشل لاء لگانے کی دعوت دی تھی ۔
فیس بک کمینٹ