ممبئی: ممبئی پولیس نے بولی وڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ زینت امان کو تنگ اور ہراساں کرنے والے کاروباری شخص کو گرفتار کرلیا۔خیال رہے کہ 66 سالہ اداکارہ زینت امان نے گزشتہ ماہ 30 جنوری کو ممبئی کے جوہی تھانے میں اپنے ایک دیرینہ دوست کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور تنگ کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔پولیس کے مطابق اداکارہ نے اپنے دیرینہ دوست اورمعروف صنعتکار کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔اداکارہ کی شکایت پرکاروباری شخص کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 304 ڈی اور 509 کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی تھی۔تاہم اب پولیس نے زینت امان کو منع کرنے کے باوجود تنگ کرنے والے کاروباری شخص کو گرفتار کرلیا۔بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق پولیس نے سرفراز محمد عرف امان کھنہ نامی کاروباری شخص کو اداکارہ کو تنگ اور ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے گرفتار کیے گئے شخص سے متعلق مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جب کہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔واضح رہے کہ زینت امان نے جس کاروباری شخص کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروایا، اس کے ساتھ اداکارہ کے گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے۔
فیس بک کمینٹ