قصور : ضلع قصور میں منعقد ہونے والے طلبہ یونین بحالی کنونشن پر مبارکباد دیتے ہوئے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر ساحِر آزاد پلیجو نے کہا ہےکہ 9 فروری کو پاکستان بھر کے طلبہ یومِ سیاہ کے طور پر منائیں کیونکہ آج کے دن ایک فوجی آمر نے طلبہ یونین پر پا بندی لگا کر طلبہ کے جمہوری حق کا خون کر دیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کسی ایک طلبہ تنظیم کا مسلۂ نہیں، بلکہ ہر جمہوریت پسند نوجوان کا مسئلہ ہے، تاہم این ایس ایف پاکستان نے اِس بنیادی عوامی مسئلے کو اجاگر کرنا اپنا فرض سمجھا۔ اسی لیئے ملک بھر میں یکم جنوری 2018 سے این ایس ایف پاکستان کے انقلابی طلبہ اس پیغام کو لے کر اپنے اتحادی مزدور اور کسان طبقوں میں گھر گھر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بعد این ایس ایف پاکستان میں قصور کے طلبہ نے اس جبرواستبداد سے انکار کر کے اور شاندار کنونشن منعقد کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ آنے والی نسلیں ان کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کریں گی اور انقلاب کی تاریخ میں ان کا نام سنہرے حروف سے لِکھیں گی ساحِر آزاد پلیجو نے مزید کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے ۔ اگر حکمرانوں نے عام انتخابات سے پہلے طلبہ یونین کے انتخابات نہ کروائے تو کشمیر سے مہران تک اور خیبر سے مکران تک پا کستان بھر کی سڑکوں اور چوراہوں پر دم دما دم این ایس ایف ہو گا۔ اِس لیئے حکمران اپنی آنکھیں کھولیں اور فی الفور طلبہ کو ان کی یونین سازی کا حق ادا کر دیں۔
فیس بک کمینٹ