اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت برائے نجکاری دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا۔واقعہ جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں پیش آیا۔اس دوران دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان تلخ جملوں کو تبادلہ بھی ہوا۔نعیم الحق اور دانیال عزیز جیو ٹی وی کے پروگرام میں صحافی افتخار احمد اور پیپلز پارٹی کی قانون ساز نفیسہ شاہ کے ہمراہ مہمان کے طور پر پیش ہوئے تھے۔پروگرام کے اینکر منیب فاروق کی جانب سے بتائی گئیں تفصیلات کے مطابق دونوں رہنما جیو ٹی وی کے اسلام آباد اسٹوڈیو میں موجود تھے جبکہ وہ خود لاہور اسٹوڈیو سے شو کو چلارہے تھے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پروگرام کی کلپ میں دیکھا گیا کہ نعیم الحق دانیال عزیز کی جانب سے انہیں چور کہنے پر طیش میں آگئے تھے۔اس ہی لمحے تحریک انصاف کے رہنما نے دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا اور کہا کہ ’تمہاری ہمت کیسے ہوئی مجھے چور کہنے کی، شرم آنے چاہیے تمہیں خود پر‘۔دانیال عزیز نے واقعے پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ان سے تنقید برداشت نہیں ہوتی اور تشدد پر آجاتے ہیں‘۔یہ پہلی دفعہ نہیں جب نعیم الحق نے کسی ٹی وی شو میں ہاتھا پائی کی ہو۔اس سے قبل 2011 میں بھی نعیم الحق نے پیپلزپ پارٹی کے رہنما جمیل سومرو کو انہیں مبینہ طور پر بدکلامی کرنے پر گلاس پھینک کر مارا تھا۔
فیس بک کمینٹ