کراچی ( پ ، ر ) : سندھ ہائی کورٹ کی نامزد کردہ الیکشن کمیٹی اور رجسٹرار کوآپریٹو کی جانب سے مقرر کردہ الیکشن آفیسر کی زیر نگرانی کاغان کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ نتائج کا اعلان ووٹوں کی گنتی کے فوراً بعد انتخابی کمیشن ممبر پروفیسر محمد اقبال نے کیا۔
سوسائٹی کے کل 412 میں سے 173 ارکان نے ووٹ ڈالے۔ انتظامی کمیٹی کے نو اراکین کے انتخاب کیلئے 24 امیدواروں نے حصہ لیا، جیتنے والوں میں عبدالمعیز خان ، ناصر عباس ،شمشیر علی، محمد امجد علی ، عبدالحسیب ، محمد توفیق صدیقی ، ارسلان کمال ، فصیح الدین اور محمد عمران امراؤ شامل ہیں ۔
صدر کی ایک نشست کیلئے ۴ امیدواروں نے حصہ لیا اور نتیجہ عبدالواسع اور رضوان عبدالقادر کے درمیان ۸۲/۸۲ ووٹوں سے برابر رہا۔ انتخابات کے انعقاد کے فوراً بعد سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے نامزد کردہ انتخابی کمیشن ممبران پروفیسر محمد اقبال اور مظفرالحق عثمانی نے اپنی جانب سے انتخابات کے حوالے سے تفاصیل اور نتائج مرتب کر کے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز اور ممبر انسپکشن ٹیم ۲، سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادئیے۔
انتخابات کے انعقاد کو دس دن سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کی جانب سے جیتنے والے اراکین کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انتخابی کمیشن کے دونوں ممبران نے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیزسے 29 جولائی کو بالمشافہ ملاقات کی اور نوٹیفیکیشن کے حوالے سے بات کی جس پر رجصٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔ نومنتخب انتظامی کمیٹی اراکین نے ۳۰ جولائی ۲۰۲۵ کو سندھ ہائی کورٹ میں ممبر انسپکشن ٹیم ۲ سے ملاقات کی۔ ممبر انسپکشن ٹیم ۲ نے عدالتی تعطیلات ختم ہوتے ہی اپنی رپورٹ عدالت کے روبرو جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
فیس بک کمینٹ